سونے كی كمیٹی ڈالنے كا حكم

 سوال

سونے کی کمیٹی ڈالنے کا کیا حکم ہے جس کا آج کل سنار برادری میں تعامل بھی ہے ، جس میں نہ کوئی بولی لگائی جائے، اور سب کو بالکل برابر برابر سونا واپس کیا جائے، اور سب ایک وزن، کیرٹ، اور ایک ہی برانڈ کا سونا جمع کروائیں؟

جواب

سونے کی کمیٹی میں باہمی تعاون اور احسان کے لئے  قرض کے لین دین کا معاملہ کیا جاتا ہے، جو مندرجہ ذیل شرائط کے ساتھ جائز ہے۔

سب شرکاء یکساں  وزن، کیرٹ اور ایک ہی برانڈ کا سونا جمع کروائیں۔

سب شرکاء کو ایک ہی جتنا سونا واپس ملے، کسی کو کم یاکسی کو زیادہ نہ ملے۔

کمیٹی کی بولی یا نیلامی نہ کی جائے۔

ہر شریک کو ہر وقت بطورِ قرض دیا ہواسوناواپس لینے کے مطالبے کا پورا حق ہو۔

سب شرکاء آخر تک کمیٹی میں سونا جمع کراتے رہیں۔

:حوالہ جات

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (6/ 83)

وَلَوْ كَانَ قَالَ لَهُ: خُذْ هَذِهِ الْأَلْفَ عَلَى أَنَّ نِصْفَهَا قَرْضٌ عَلَيْكَ عَلَى أَنْ تَعْمَلَ بِالنِّصْفِ الْآخَرِ مُضَارَبَةً عَلَى أَنَّ الرِّبْحَ لِي فَهَذَا مَكْرُوهٌ؛ لِأَنَّهُ شَرَطَ لِنَفْسِهِ مَنْفَعَةً فِي ۔۔۔۔۔۔مُقَابَلَةِ الْقَرْضِ، وَقَدْ «نَهَى رَسُولُ اللَّهِ – صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ – عَنْ قَرْضٍ جَرَّ نَفْعًا»

:الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (5/ 166)

وَفِي الْأَشْبَاهِ كُلُّ قَرْضٍ جَرَّ نَفْعًا حَرَام

مفتی عبد الواحد صاحب رحمہ اللہ سونے چاندی کے احکام میں لکھتے ہیں: (ص: 27)

 سونے کی کمیٹی: سونے کی کمیٹی یعنی ہر ماہ جتنے شرکاء ہیں ایک خاص برابر مقدار میں سونا دیتے ہیں اور ہر ماہ جس کے نام قرعہ نکل آئے سارا سونا اسے دے دیا جاتا ہے۔ آیا یہ صورت صحیح ہے یا نہیں؟

 جواب : یہ صورت صحیح اور جائز ہے۔ اس کی مثال یہ ہے کہ دس آدمیوں نے کمیٹی ڈالی اور طے کیا کہ ہر شریک ہر ماہ ایک تولہ سونا جمع کرائے گا اور ہر ماہ قرعہ اندازی ہوگی اور جس کا نام نکلے گا اس کو جمع شدہ سونا دے دیا جائے گا۔ پہلے مہینے زید کا نام نکلا اور دس تولے اس کے حوالے کر دیے گئے ۔ ان دس تولوں میں سے ایک تولہ وہ ہے جو خود زید نے جمع کرایا تھا اور باقی نو تولے زید کو دوسرے نو شرکاء سے قرض وادھار ملا جو وہ ہر ماہ ایک ایک تولہ دے کر اتارے گا۔

نیز ملاحظہ فرمائیں، بنوری ٹاؤن کا فتوی نمبر: 144405101245

المجیب: حارث كسباتی

 المصححون: المفتی محمد مفیض الرحمن چاٹگامی والمفتی محمد اشرف حفظھما اللہ

About Us

FAQs

M/67, BLOCK/2, P.E.C.H.S, KASHMIR ROAD, KARACHI

info@alkitabshariahadvisory.com haris.kasbaati@gmail.com

+92-336-2563103

© 2023-2024 All Rights Reserved By AL-KITAB SHARIAH ADVISORY (PRIVATE) LIMITED